شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے، ناصر حسین شاہ

142

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شا ہ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی، ضلعی بلدیات اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اورواٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صفائی کی موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مربو ط کوششیں کریں، تمام ادارے اپنا اپنا کردار آپس میں رابطہ و تعاون کے ساتھ اداکریں اور یقینی بنائیں کہ سٹرکوں اور گلیوں میں کچرا جمع نہ رہے، جہاں جمع ہے اسے ترجیحی اقدامات کر کے لینڈ فل سائٹس تک پہنچائیں۔تمام جی ٹی ایس سے جلد از جلد کچرا اٹھانے کا نظام بنائیں اور ان مقامات پر جی ٹی ایس نہ بنائیں جس کی وجہ سے علاقہ میں تعفن پھیلے اورشہریوں کو تکلیف ہو۔ وہ کمشنر کراچی دفتر میں شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور موجودہ صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی، کمشنر کراچی افتخار شالوانی،میئر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان، رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور دیگر نے شر کت کی۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ بارش کی وجہ سے صفائی کی کوششیں متاثر ہوئیں۔ شہریوں کو تکلیف ہوئی ہے، اسے دور کر نے کے لیے تمام ادارے اپنا اپنا موثر کردار ادا کریں۔