محرم الحرام میںسیکورٹی کے غیرم معمولی اقدامات کیے جائیں‘آئی جی

130

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام نے کراچی سمیت صوبے بھرکی پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ محرم الحرام کے دوران منعقدہ مجالس کے مقامات، برآمدہونیوالے ماتمی جلوسوں، مرکزی جلوس کی گزرگاہوں،مرکزی اجتماع گاہوں سمیت دیگرمقامات پرکنٹی جینسی پلان کے تحت رینج، ڈسٹرکٹس اورزونز کے لحاظ سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ محرم الحرام کے دوران عوام کی جان ومال کے تحفظ جیسی ذمہ داریوں کو ہرسطح پر انتہائی مؤثر اور کامیاب بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں، مجالس کے حوالے سے لائسنس کی تجدیداور جلوسوں کی گذرگاہوں کاسروے کیاجائے ساتھ ہی مجالس اور جلوسوں کے اوقات میں دستیاب افرادی قوت کا منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہاگیاہے کہ شرپسندوں کی کڑی نگرانی اورشناخت ماضی پیش آنیوالے ناخوشگوار واقعات وتجربات کی روشنی میں کی جائے۔آئی جی سندھ نے تھانوں کی سطح پر امن کمیٹیوں کا قیام ، اینٹی رائٹس پلاٹونزکو تیارحالت میں رکھنے، اینٹی رائٹس کٹس کے اسٹاک کاجائزہ کنٹرول رومز کے قیام کی بھی ہدایت دی۔