دودھ کی قیمت میں16روپے فی لیٹر کااضافہ حکومتی نااہلی ہے‘سردار عبدالرحیم

131

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کہ انفارمیشن سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے دودھ کی قیمت میں 16 روپے فی لیٹر اضافی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام سندھ کے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کے لیے دربدر ہیں اس صورتحال میں یک دم سے دودھ کے نرخوں میں اتنا بڑا اضافہ سندھ حکومت کی ناکامی کے مترادف ہے اور سندھ حکومت نے ناجائز منافع خوروں کے آگے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔اپنے بیان میں سردار عبدالرحیم نے کہا کے بڑے افسوس کی بات ہے کہ سندھ حکومت کے پاس پرائس کنٹرول کرنے کا تحریری میکنزم موجود نہیں ہے اور سندھ حکومت کے وزرا اور بیوروکریٹ نے ناجائز منافع خوروں سے بھاری رشوت لے کر ان کو کھانے پینے کی اشیاء پر من مانے ریٹ لینے کی اجازت دے دی ہے۔ سردار عبدالرحیم نے سندھ کے حکمرانوں سے سوال کیا ہے کہ 94 روپے فی لیٹر دودھ کے نرخ ایک دم سے 110 روپے فی لیٹر کیسے ہوگئے دودھ فروشوں کو کس نے اجازت دی ہے۔انہوں نے مطالبا کیا کہ فوری طور پر دودھ کے بڑے ہوئے نرخ واپس لیے کر ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔