تھائی لینڈ میں مسلم کمیونٹی اور سول سوسائٹی کا کشمیریوں پر مظالم کیخلاف احتجاج

193

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے انسانیت کش مظالم اور مسلسل کرفیو کیخلاف عالمی سطح پر احتجاج میں شدت آتی جارہی ہے ، گزشتہ روز تھائی لینڈ میں مسلم کمیونٹی نے مقبوضہ وادی کو بھارت کے آئین میں حاصل خصوصی امتیازی حیثیت منسوخ ہونے اورمقبوضہ  کشمیرمیں مسلسل کرفیو کے دوران مسلم آبادی پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف اسلامک سینٹر بنکاک میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا اہتمام تھائی مسلم کمیونٹی، پاکستان دوستی ایسوسی ایشن اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تنظیم نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ تھائی لینڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ مسلم برادری نے کشمیریوں بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لییپلے کارڈ اٹھا کر مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم کے سدباب اور مسلسل کرفیو کے خاتمہ کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔بنکاک کے اسلامک سینٹر کے مین ہال میں بھی ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر چارن ملیم،پروفیسر سروت، مسٹر انس اماتیاکل، مس حاجا دارا اور پاکستانی سفیر آصف افتخار سمیت دوسرے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنے ملک کے آئین میں کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وہاں دو ہفتوں سے مسلسل کرفیو نافذ کررکھا ہے جس سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے اور وہ مسلسل عذاب و مشکلات سے دوچار ہیں۔ مقررین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کا مسئلہ فوری طور پر حل کرائے۔ اس موقع پر شیخ الاسلام اور اسلامک سینٹر تھائی لینڈکی طرف سے پیش ہونیوالی قرارداد بھی متفقہ طور پرمنظور کی گئی جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی گئی کہ وہ کشمیر میں بیگناہ نہتے کشمیریوں کیخلاف بیلٹ گنوں کے استعمال اور قتل عام کا جاری سلسلہ بند کرائے۔ تقریب میں کشمیریوں کی آزادی اور ان کے تحفظ اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔ تقریب کے بعد شرکاء نے پلے کارڈ اٹھا کر پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا، اس مظاہرے کو تھائی لینڈ کے میڈیا چینلز نے براہ راست ٹیلی کاسٹ اور نشر کیا۔ دریں اثناء پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں افضل بٹ اور ظہیر حیدر کی قیادت میں مظفرآباد پریس کلب سے برہان وانی چوک تک لانگ مارچ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس مظاہرے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں سمیت 300 سے زاید صحافیوں نے شرکت کی۔