مودی کو ایوارڈ :چئیرمین سینیٹ نے احتجاجاًیو اے ای کا دورہ منسوخ کردیا

338

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیے جانے پر احتجاجاًچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یواے ای کا دورہ منسوخ کر دیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پارلیمانی وفد کے ساتھ 4 روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ شب یو اے ای کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن یو اے ای کی حکومت کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کے بعد یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے، مودی حکومت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کر رہی ہے اور مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے، ایسے حالات میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کشمیریوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ کشمیری بہن بھائی محصور ہوں اور میں یو اے ای کا دورہ کروں۔انہوں نے بتایا کہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا اور 3بجے ہماری پرواز تھی لیکن مودی کو ایوارڈ ملنے کے بعد ہی یو اے ای جانا اور حکام سے ملنا مناسب نہیں تھا، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجاً دورہ منسوخ کیا۔صادق سنجرانی نے کہا کہ مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھائے اور اسے ایوارڈ دیا جائے اس پر دکھ ہوا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں ملوث ہے اور اپنے فیصلے سے یو اے ای کے سفیر کو آگاہ کر دیا ہے۔