کشمیریوں کو بے خبر رکھ کر مسئلے کا حل نہیں نکالا جا سکتا، سردار مسعود

198

مظفرآباد(صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوئی ایسی ثالثی یا سفارتی حل قبول نہیں جس میں کشمیریوں کی مرضی او رمنشا شامل نہ ہو ، کشمیر کی آزادی کے لیے جن مائوں ، بہنوں نے اپنے سہاگ لٹائے، والدین نے اپنے لخت جگر پیش کیے اور اپنے گھر اور خاندان قربان کیے اُن کو بے خبر رکھ کر اُن کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا تصور نہیں کیا جا سکتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ ، سیکرٹری جنرل پنجاب یونین آ ف جرنلسٹس فیصل درانی ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے لا لہ اسد پٹھان ، نیشنل پریس کلب کے سابق صدر شکیل انجم ، عمران یعقوب ڈھلوں اور یونین آف جرنلسٹس سکھر کے صدر ظہیر خان لودھی کی قیادت میںصحافیوں کے 25 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں اُن سے ملاقات کی ۔ صدر آزاد کشمیر نے پاکستان کی صحافتی تنظیموں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے لائن آف کنٹرول پر پہنچ کر ریلی منعقد کرنے پر آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور اہل پاکستان کی پہلی ترجیح اُن کشمیریوں کی جانیں بچا نا ہونی چاہیے جو اس وقت بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں ۔ پاکستان فی الفور دنیا کے تمام فورمز کو کشمیریوں کی مدد کے لیے متحرک کرنے کے علاوہ دنیا بھر میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو متحرک کرے اور اُنہیں یہ ٹاسک دیا جائے کہ وہ دنیا کے تمام اہم دارلحکومتوں میں جلسے ، جلوس اور مظاہرے کر کے محصور کشمیری عوام کے حق میں رائے عامہ ہموار کریں ۔مقبوضہ کشمیر کی محدود داخلی خود مختاری ختم کرنے کے معاملہ عالمی عدالت انصاف میں اُٹھانا درست اقدام ہو گا ۔ علاوہ ازیںوفاقی وزیر برائے ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اتوار کے روز ایوان صدر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات اور اُن سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔