امید ہے یو اے ای کشمیر تنازع پر پاکستان کو مایوس نہیں کریگا،شاہ محمود قریشی

345

ملتان/خانیوال(خبرایجنسیاں)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات کے بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات ہیں لیکن وہ پاکستان کا ہمددر اور کشمیرتنازع پر ہمارے ساتھ ہے۔ ان کے بقول امید ہے کہ یواے ای کشمیر تنازع پر پاکستان کو مایوس نہیں کرے گا۔ ملتا میں کشمیر ریلی سے خطاب اور خانیوال میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی تعلقات کا معاملہ جذبات سے بالاتر ہوکر دیکھنا ہوگا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھیجنے کے لیے آر ایس ایس کے غنڈے تیار کررہا ہے،اسلامی ممالک کے سربراہان اور اوآئی سی کومسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہیے ،انسانی حقوق کے اجلاس میں بھارتی مظالم بے نقاب کروں گا ۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں مودی سرکار کے خلاف دھڑے بندیاں ہوچکی ہیں،کشمیریوں کی جدوجہدآزدی ضرور رنگ لائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان 11 نومبر کو کرتار پور راہداری کھول رہا ہے ۔