کشمیر یوںسے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی وسطی کے تحت مظاہرے

195

کراچی (پ ر) بھارت کی بربریت اور21 دن سے مسلسل کرفیو سے پریشان کشمیری عوام کے حق میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت مسجد المعارف بلاک ایچ، مسجد بطحہٰ، بطحہٰ ٹائون، عثمانیہ مسجد، عمر مسجد چاندی چوک، ذکیہ مسجد، صرافا گیٹ ناظم آباد نمبر 5، پاپوش نگر، نور الاسلام مسجد ناظم آباد، احباب مسجد ناظم آباد نمبر 3پر مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین
نے اس موقع پر بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی شمشیر سے ممکن ہے، پُرامن رہنے کو بھارت ہماری کمزوری سمجھتا ہے، پاکستانی حکومت کو بھی اب فیصلہ کن مرحلے کی تیاری کر لینی چاہئے، عوام تیار ہیں۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ کر انہیں کمزور نہیں کرسکتا۔ اہلیان کراچی یکم ستمبر کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کے تحت شاہراہ فیصل پر ہونے والے ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘ میں بھرپور شرکت کریں۔