بتایا جائے مودی پاکستانی فضائی حدود میں کیا کرتا رہا؟اسد اللہ بھٹو

301

کراچی( اسٹاف رپورٹر)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ قوم کو بتایا جائے مودی2گھنٹے پاکستان کی فضائی حدود میں کیا کرتا رہا، یہ کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، مسئلہ کشمیر پر حکومتی پالیسیاں قوم کی آئینہ دار نہیں ہیں، بھارتی وزیراعظم مودی گجرات کے بعد کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے ذریعے انسانیت کا قتل عام کررہاہے ، عالمی ضمیر کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزی اور کشمیر کو حق خودارادیت دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب بلوچستان میںجماعت اسلامی کے تحت مقامی ہال میں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ اجتماع عام اور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا، اجتماع سے بلوچستان کے نائب امیر حافظ اسماعیل مینگل، ضلعی امیر اقبال ابڑو ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جو کہ کسی خاندان کی جاگیر نہیں ہے یہ کسی شخصیت یا پارٹی کی طرف نہیں بلکہ صرف ایک اللہ کی طرف بلاتی ہے، جماعت اسلامی قیام پاکستان سے ملک میں اصلاح معاشرہ کے ساتھ فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کررہی ہے، ان شاء اللہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان میں اسلامی نظام نافذ ہوکر رہے گا، پاکستان کا قیام بھی اسی بنیاد پر عمل میں لایا گیا جس میں بلوچستان کا بھی بڑا کردار ہے۔قبل ازیں انہوں نے مقامی سینئر صحافی اور جنگ وجیو نیوز کے نمائندے مشتاق علی کمبوہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ جاکر ان کے صاحبزادگان محمد ابراہیم کمبوہ ، شاہ رخ کمبوہ سے اظہار تعزیت ،درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔