مقبوضہ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کے حق میں ہوگا،قوم پشت پر ہے ،حافظ نعیم الرحمن

402
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن شاہ لطیف ٹاؤن میں ریلی سے خطاب کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن شاہ لطیف ٹاؤن میں ریلی سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت بھارت کی جانب سے 370اور35اے کے قانون کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کے خلاف اور مظلوم کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار یکم ستمبر 3بجے دن شاہراہ فیصل پر ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘ کے سلسلے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت جماعت اسلامی ضلع ملیر شاہ لطیف ٹاؤن میں ریلی کا انعقاد کیا گیا ،ریلی سے امیر ضلع ملیر محمد اسلام نے بھی خطاب کیا ،کشمیر مارچ کے سلسلے میں گلشن حدید میں علما کرام کے ساتھ ظہرانے کی نشست اور مختلف مساجد کے خطیب و ائمہ کرام سے ملاقات کی اور مارچ میں شرکت کی دعوت دی ، بعد ازاں فریدہ یعقوب اسپتال کادورہ کیا،ڈاکٹرز اور اسٹاف سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے حوالے سے آگاہ کیا اور مارچ میں شرکت کی دعوت دی ،اس موقع پر فریدہ یعقوب اسپتال کے ایم سی ڈاکٹر عبد الحق سومرو
،ناظم علاقہ شاہ لطیف ٹاؤن قدر گل ،ناظم گلشن حدید خلیل الرحمن ،جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے غیور اور نہتے مسلمانوں پر آر ایس ایس کے غنڈے اور بھارتی فوج جو مظالم کر ر ہے ہیں ، وہ دنیا سے چھپائے جا رہے ہیں ،گزشتہ 20روز سے کرفیو نافذ کیا ہوا ہے ، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہے ، کشمیری آج بھی 14اگست کو آزادی اور 15 اگست کو یوم سیاہ مناتے ہیں ، اگر حکمرانوں نے ایسے ہی مجرمانہ خاموشی اختیار کیے رکھی تو پھر عوام خود فیصلہ کریں گے، جس طرح آزاد کشمیر کے عوام اور مجاہدین اپنا فیصلہ خود کررہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کامیاب ریلی کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں ،کشمیری بھائی بہنوں کوپیغام دیتے ہیں کہ مشکل وقت میں پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے ، پاکستانی قوم کشمیریوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے ،مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری قوم اور مجاہدین کشمیر کے حق میں ہوکر رہے گا، بھارت کب تک اپنی 8لاکھ فوج اور آر ایس ایس کے 40 ہزار غنڈوں کے ذریعے کشمیر کے عوام کو یرغمال بنا کر رکھے گا، عوام یکم ستمبر کو آزادی کشمیر مارچ میں شرکت کرکے بتائیں گے کہ ہمارے دل کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کراچی کے عوام مارچ میں شرکت کریںاورمظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر کے دنیا کو بتا دیں کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ، انہوں نے کہا کہ مغرب مسلم ممالک کے حکمرانوں کو تو خرید سکتا ہے ،کروڑ وں مسلمانوں کی غیرت ایمانی کا سودا نہیں کرسکتا۔حافظ نعیم الرحمن نے علما کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے قائدین کو سلام پیش کرتا ہوں ،اس ماحول میں بھی حریت رہنماؤں نے جرأت کا علم بلند کیا ہے ،دنیا میں کشمیریوں سے زیادہ کوئی بہادرقوم نہیں ہے، بھارت منظم طریقے سے مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے، حریت رہنما سید علی گیلانی نے کبھی بھی بھارتی تسلط کو قبول نہیں کیا ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی بھی آج برسوں بعد آزادی کی بات کر رہے ہیں ، قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کا شہ رگ قرار دیا تھا ،آدھا کشمیر بھی جہاد کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا ،مقبوضہ کشمیر بھی جہاد سے حاصل ہوگا،ریاست جہاد کا اعلان کرے تو پوری قوم فوج کی پشت پر ہوگی،اگر ہم خاموش رہے تو مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا ۔