ہزاروں کشمیریوں کا اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرہ ،سکھوں کی بھی شرکت

162

نیویارک(صباح نیوز) وزیر اعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے کشمیریوں کا بڑااحتجاجی مظاہرہ ہوا۔جس میں ڈاکٹر غلام نبی فائی،چودھری عابد شیر علی، سردار سرور اعوان، کیپٹن خالد شاہین بٹ، ڈاکٹر امرجیت سنگھ اور دیگرکشمیری،پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کے نمائندوں سمیت ہزاروںافراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر تصاویر اور آزادی کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین میں بڑی تعداد میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔مظاہرین نے بھارت اور نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل خطے کو ہولناک انسانی حادثے سے بچانے کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔مقبوضہ کشمیر کے اندر بدترین لاک ڈاؤن ہے،وادی کو جیل بنا دیا گیا۔اقوام متحدہ اپنا کرداراداکرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ کر کے 80لاکھ سے زائد کشمیریوں کوقید کر دیا گیا ہے،۔وہاں ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہے اور کشمیریوں کو مذہبی عبادات سے محروم کر دیا گیا ہے اور وہ شدید دباؤ میں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر نسل کشی کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔بھارت کے ان ہتھکنڈوں کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر آزاد کشمیر کی سویلین آبادی کو بھاری اورممنوعہ ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آزادکشمیر پر حملہ کیا گیا تو اس سے بڑے پیمانے پر جنگ چھڑ سکتی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالی کو چھپانے کے لیے ایسا کر سکتا ہے، بھارت نے آزادکشمیر کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو آزادکشمیر کے مرد و زن مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کابدلہ لیں گے۔