جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہردھماکا، 4 افراد زخمی

173

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب چیک پوسٹ پر دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ افغان خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان کے سرحدی صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب چیک پوسٹ پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 شہری اور ایک افغان فوجی اہلکار زخمی ہوگیا۔ افغان پولیس چیف نے 4 زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا سڑک کنارے رکھے ایک گلدان میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق دھماکا پاکستانی قونصل خانے سے  200 میٹر دور چیک پوسٹ پر ہوا تاہم پاکستانی سفارت خانے کا تمام عملہ محفوظ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر دھماکا ہوا ہے، قونصل خانے کا تمام عملہ محفوظ ہے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 2 درخواست گزار اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے، قونصل خانے کی حدود اور عملے کی سیکورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔