موجوہ حکمرانوں میں کشمیریوں کو حقوق دلانے کی اہلیت نہیں،بلاول

295

اسکردو (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں کشمیریوں کو ان کے حقوق دلانے کی اہلیت نہیں ہے لیکن ہم کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے آپ کو پورے ملک کے سامنے بے نقاب کر دیا، جو وعدہ عمران خان نے کیا ہے اس پریوٹرن لیا ہے، جو نعرہ لگایا ہے وہ جھوٹ نکلا۔ اسکردو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں اشتعال  دلانے کی کوشش کر رہی ہے اور ہمیں محسوس ہو رہا ہے کو اپنی معاشی اور خارجہ محاذ پر ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اپوزیشن کو دیوار سے لگا رہی ہے ، پیپلز پارٹی نے یہ ماضی میں بھی دیکھا ہے اور ہم جانتے ہیں اس کا مقابلہ کیسے کرنا ہے ،موجودہ حکومت نا اہل حکومت ہے جس کو پتا ہی نہیں ہے کہ ہم نے کیا کرنا ہے، ہم بھی اپوزیشن کر رہے ہیں اور حکومت بھی اپوزیشن کر رہی ہے اور اگر حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی اپوزیشن کریں گے تو پھر حکمرانی کون کرے گا عوام کے مسائل کون حل کرے گا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ایک بھی بات نہیں جس پروزیر اعظم قائم رہے ہوں جو بھی عمران خان گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اب وعدے کرے گا وہ بھی جھوٹ ہو گا، جو وعدہ کرے گا اس کے مخالف کام کرے گا، عوام جانتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں تاریخی ظلم ہوا ہے ،وہ جانتے ہیں کہ مودی قاتل ہے، وہ جانتے ہیں کہ ہمارے وزیر اعظم میں نہ وہ صلاحیت ہے اور نہ وہ اہلیت ہے اور نہ وہ قابلیت ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق پہنچائے یا کشمیریوں کو ان کے حقوق پہنچائے، ان کو پتا ہے کہ کیسے ہمارا وزیر اعظم مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے خلاف بات کر سکتا ہے ،کس منہ سے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں پر بات کر سکتا ہے جب اس نے اپنے ہی ملک میں میڈیا پر تاریخی پابندی لگائی ہے ،وہ کس منہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کرے گا جب اپنے ہی ملک میں اس نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی ہیں ،وہ کس منہ سے مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت پر بات کرے گا جس نے اپنے ہی ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام چیزیں شفاف ہیں اور حقوق دے رہے ہیں اور اچھی چیزیں کر رہے ہیں تو پھر اپنے ہی ملک کے اپوزیشن لیڈر کو کیوں سرینگر آنے سے روکا ہے۔