حملہ ہوا تو جنگ آخری ہوگی،بھارت میں گھاس اُ گے گی نہ مندر میں گھنٹیاں بجیں گی،شیخ رشید

368

مظفر آباد (خبرایجنسیاں) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ جنگ آخری جنگ ہوگی‘ بھارت میں گھاس اُ گے گی نہ مندر میں گھنٹیاں بجیں گی‘72 سال سے ہماری فوج آج کے دن کے لیے تیار کر رہی تھی‘ ایل او سی، شملہ معاہدہ اور کشمیر پر سلامتی کونسل کی قرارداد ختم ہوچکی ہے‘ کشمیر کا معاملہ 6 ماہ میں آرپار ہوجائے گا‘ جس نے بھی کشمیریوں سے غداری کی قوم اس کو کتوں کے آگے ڈال دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولا کوٹ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 20 دن سے کرفیو نافذ ہے‘ وہاں نہ تو اشیائے خورونوش ہے اور نہ ہی ادویات‘ بھارت نے وادی کشمیر پر قبضہ کرلیا ہے‘ مودی کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیرکا معاملہ دوبارہ اُجاگرہوا‘ ساری دنیا کا میڈیا ہٹلر مودی کے خلاف ہوتا جا رہا ہے‘ سری نگر کی آواز پاکستان کی آواز ہوگی‘ دنیا جان لے کشمیری قوم، فلسطینی اور بوسنیا کی قوم جیسی نہیں۔ شیخ شید کا کہنا تھا کہ 72 سال سے ہماری فوج آج کے دن کے لیے تیاری کر رہی تھی‘ ہمیں دھوکے میں نہیں آنا‘ہماری نظر اللہ کی مدد پر لگی ہونی چاہیے‘ یقین ہے کہ مودی حملہ نہیں کرسکتا‘ اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ آخری جنگ ہوگی‘ جنگ ہوئی تو بھارت کی زمین پرگھاس نہیں اُگے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اب حل ہونا ہے‘ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کشمیر پر بین الاقوامی پالیسی اپنائی ہے‘ وہ سمجھتے ہیں کشمیر کا معاملہ ایک 2 ماہ میں آر پار ہوجائے گا جبکہ میں سمجھتا ہوں کہ مارچ تک کا وقت دنیائے سیاست کے لیے بہت اہم ہے اور کشمیر کا معاملہ 5 سے6 ماہ میں آرپار ہوجائے گا‘ فیصلے کا وقت آگیا تو بھارت میں ہر مسلمان کے گھر سے نعرہ تکبیر بلند ہوگا‘ چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے‘ ہمیں بھی چین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے کیونکہ چین آزمودہ دوست ہے۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کشمیری 72سال سے خون دے رہے ہیں اور اب وہ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں‘جب میانداد ایک چھکا لگا کر کرکٹ میچ جیتتا ہے اور کشمیری پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور اسی لمحے6 کشمیریوں کو شہید کر دیا جاتا ہے ‘ امریکا پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا‘ جس نے بھی کشمیر سے غداری کی قوم اس کو کتوں کے آگے ڈال دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نریندرمودی جیسے بیوقوف بڑے عہدوں پر آجائیں تو پھر اللہ تعالیٰ مظلوم افراد کے لیے نئے راستے کھول دیتا ہے ‘ آج جواہر لعل نہر و اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو رد کر دیا گیا ہے‘کشمیری اوربھارت کے 24 کروڑ مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
شیخ رشید