ڈیرہ اسماعیل خان :دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر حملہ،2 شہری ہلاک

207

ڈیرہ اسماعیل خان،صوابی(اے پی پی+صباح نیوز)نامعلوم دہشت گردوں کا تحصیل درابن کی حدود میں پولیس چیک پوسٹ پر جدید اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ، جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ، دہشت گردوں کی فائرنگ کی زد میں آکر قریبی فلنگ اسٹیشن کا منیجر ا و رراہ گیر سمیت2افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس موقع پرپہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیاگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیاننی شب تحصیل درابن کی حدود میں واقع چیک پولیس پر 10سے زائد موٹرسائیکل سوار نامعلوم دہشت گردوں نے اچانک خود کار اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا تاہم پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دہشت گردوں کی اچانک اندھادھند فائرنگ کی زد میں آکر قریبی فلنگ اسٹیشن کا منیجر سمیع اللہ اور ایک راہ گیر نقیب اللہ جاں بحق جبکہ سدابہار ٹرانسپورٹ کمپنی کا منیجربانگل اور منشی لیز معدنیات پیر محمد زخمی ہوگیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس موقع پرپہنچ گئی اور تمام علاقے کو گھیر ے میں لے لیا۔سیکورٹی فورسز اور پولیس نے قریبی علاقوں میںسرچ آپریشن شروع کرکے متعدد مشکوک افراد کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ دوسری جانب خدائی خدمت گار تحریک کے بزرگ کمانڈر اور سالار اعلیٰ حاجی فضل خالق کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔پولیس تھانہ پرمولی کی رپورٹ کے مطابق رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے دست راست ،اے این پی کے کمانڈر حاجی فضل خالق ہفتے کی شام اپنے گھر واقع موضع شیوہ جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔مقتو ل کی لاش کو فوری طور پر کالوخان اسپتال منتقل کر دیا گیا۔جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔
چوکی پر حملہ