حکمران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عوام کو حقائق نہیں بتا رہے، فضل الرحمان

273

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور عوام سے اصل حقائق چھپانے کے بجائے صحیح صورتحال بتائے۔مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے اراکین نے شرکت کی اور مولانا عبد الغفور حیدری نے ایجنڈے کے حوالے سے آگاہ کیا۔اجلاس کے شرکا کو ملکی اور بین الاقوامی صورتحال سے بریف کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عوام کو حقائق نہیں بتا رہے۔ حکومت معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور عوام سے اصل حقائق چھپانے کے بجائے صحیح صورتحال بتائے۔اجلاس میں مرکزی مجلس شوری نے قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے اقدام کو یو این او کی قراردادوں کی کھلی توہین قراردیا گیا اور کہا گیا کہ بھارت کا اقدام پوری دنیا کے لیے چیلنج اور مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔مرکزی مجلس شوریٰ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اقدام کیوں نظر نہیں آئے؟ انسانی حقوق کی تنظیمیں اب کہاں ہیں؟ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہر جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ جے یو آئی کے کارکن ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دیں گے۔
فضل الرحمان