جسپریت بمرا سب سے کم میچوں میں 50وکٹ لینے والے بھارتی تیز بولربن گئے

133

سید پرویزقیصر
ویسٹ اندیز کے خلاف نارتھ سائونڈ میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی تیز بولر جسپریت بمراہ نے ڈارین براوو کو آئوٹ کرکے 11ویں ٹیسٹ کی21 ویں اننگ میں اپنی وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ بھارت کی جانب سے سب سے کم میچوں میں50 وکٹ لینے والے تیز بولر بنے جبکہ کل ملاکر وہ مشتر کہ طور پربھارت کے تیسرے سب سے کم میچوں میں وکٹوں کی نصف سنچری بنانے والے بولر بنے۔
بھارت کی جانب سے سب سے کم میچوں میں50 وکٹ مکمل کرنے والے بولر روی چندرن ایشون ہیں جنہوں نے9ویں ٹیسٹ کی16 ویں اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔ آف بریک بولنگ کرانے والے روی چندرن ایشون نے 50وکٹ مکمل کرنے میںایک سال اور 10 دن کو وقت لیا تھا۔
انیل کومبلے نے 50 وکٹ لینے کے لئے10 ٹیسٹ میچوں کی 20 اننگز میں بولنگ کی تھی۔ وہ بھارت کی جانب سے دوسرے سب سے کم میچوں میں وکٹوؓں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے بولر ہیں۔ اس لیگ اسپنر نے 50 وکٹ مکمل کرنے کے لئے2 سال اور 220 دن کا وقت لیا تھا۔
جسپریت بمراہ کی طرح نریندر ہروانی اور ہر بھجن سنگھ نے اپنے50 وکٹ11ویں ٹیسٹ میں میں مکمل کئے تھے۔ نریندر ہروانی نے19 ویں اننگ میں جبکہ ہربھجن سنگھ نے21 ویں اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔
جسپریت بمراہ نے 50 وکٹ حاصل کرنے میں ایک سال اور 230 دن کا وقت لیا جبکہ ایسا کرنے میںنریندر ہروانی نے2 سال اور200 دن کا اور ہربھجن سنگھ نے 2 سال اور361 دن کا وقت لیا تھا۔
بھارت کے جس تیز بولر نے جسپریت بمراہ سے پہلے سب سے کم میچوں میں 50 وکٹ حاصل کئے تھے وہ محمد سمیع اور وینکٹش پرساد تھے ۔دونوں نے13 ویں ٹیسٹ میچ کے دوران ایسا کیا تھا۔ محمد سمیع نے24 ویں اننگ کے دوران اپنی وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی تھی جبکہ ایسا کرنے میں وینکٹش پرساد کو بھی 24اننگز میں بولنگ کراناپڑی تھی۔
ٹیسٹ میچوں اور اننگز کے حساب سے تو جسپریت بمراہ بھارت کے لئے سب سے تیز 50 وکٹ لینے والے بولر نہیں بن سکے مگر گیندوں کے اعتبار سے وہ سب سے کم گیندوں پر ایسا کرنے والے بھارتی بولر بنے۔ دائیں ہاتھ کے اس تیز بولر نے اپنا50ویں وکٹ2465 ویں گیند پر حاصل کی۔ گزشتہ بھارتی ریکارڈ روی چندرن ایشون کے پاس تھا جنہوں نے اپنی 50ویں وکٹ2597 گیندیں کرانے کے بعد حاصل کیا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم میچوں میں50 وکٹ لینے کا ریکارڈآسڑیلیا کے چارلی ٹرنر کے پاس ہے ۔انہوںنے اپنے چھٹے ٹیسٹ میچ کی 10ویں اننگ کے دوران وکٹوںکی نصف سنچری مکمل کی۔