ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ،ویسٹ انڈیز نے بھارت کیخلاف189رنز بنالیے

60

جمیکا (جسارت نیوز)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارتی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، روندرا جدیجا نے ففٹی اسکور کی، کیمر روچ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا لئے تھے، کالی آندھی کو مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا ا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 108 رنز درکار ہیں، ایشانت شرما کی برق رفتار گیندوں کے سامنے ویسٹ انڈین بلے باز سنبھل کر نہ کھیل سکے، روسٹن چیس 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیسن ہولڈر 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شرما نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نارتھ سائونڈ میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم نے 203 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ریشبھ پانٹ 20 اور جدیجا 3 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے دوسرے ہی اوور میں روچ نے پانٹ کو آئوٹ کر کے پویلین بھیج دیا، وہ 24 رنز بنا سکے، اس موقع پر جدیجا نے ایشانت شرما کے ساتھ مل کر ا سکور 267 تک پہنچایا، یہاں پر شرما 19 رنز بنانے کے بعد گبرائل کی گیند پر بولڈ ہو گئے، محمد شامی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، انہیں چیس نے اپنا شکار بنایا، 297 کے ا سکور پر بھارت کی آخری وکٹ گری جب جدیجا 58 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، بمرا 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، روچ نے 4، گبرائل نے 3 چیس نے 2 اور ہولڈر نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 189 رنز بنا لئے تھے اور اسے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا ا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 108 رنز کی ضرورت ہے، کپتان جیسن ہولڈر 10 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، ایشانت شرما نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا، روسٹن چیس 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، کریگ بریتھویٹ 14، کیمپ بیل 23، بروکس 11، ڈیرن براوو 18، شائی ہوپ 24، شمرون ہٹمائر 35 اور کیمر روچ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ شرما نے 5 بمرا، شامی اور جدیجا نے ایک، ایک وکٹ لی۔