عمران حکومت نے کشمیر پر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا‘ لیاقت بلوچ

354

لاہور( نمائندہ جسارت ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کے نظام کا نعرہ لگایا لیکن ان کے اس دعوے کے ساتھ خود ان کی اپنی پارٹی بھی نہیں ، عملاً ہر آنے والا دن اقتصادی ، تہذیبی ، ثقافتی اور قومی وحدت کو مزید بحرانوں میں دھکیل رہاہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، سرمایہ کاری ، افراط زر غرض ہر میدان میں حکومت نااہل ثابت ہوئی ہے ۔ کشمیر مسئلہ پر بھی عمران خان حکومت نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ سفارتی اور انٹیلی جنس ذرائع ناکام رہے اور نریندر مودی نے اپنا انتخابی وعدہ پورا کرنے کے لیے جموں و کشمیر پر فوجی کے بعد پارلیمانی وار کردیا ۔ تمام تر اختلافات کے باوجود تمام جماعتیں اور عوام کشمیریوں کے مسائل حل کرانے کے لیے حکومت کے ساتھ ہے ۔ بدقسمتی سے عمران خان نے ابھی مسئلہ کشمیر پر جامع اور قومی پالیسی نہیں دی ، بس اعلانات اور میڈیا ضرورت کو ہی پورا کیا جا رہا ہے ۔ کشمیری حق پر ہیں انہیں حق خود ارادیت مل کر رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مدینہ منورہ کے احباب ، پاکستانی کمیونٹی اور جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے طلبہ کے ساتھ نشستوں میں خطاب اور سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملت اسلامیہ کی اصل طاقت عقیدہ توحید ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت اور قرآن کریم کے احکامات کی پابندی ہے ۔ بیرون ملک پاکستانی اسلامی جمہوری اور نظریاتی مملکت پاکستان کے سفیر ہیں ۔ علم ، تدبر ، اخلاق ، مقامی قوانین کی پابندی اور پاک سعودی تعلقات کو عوامی سطح پر مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے سعودیہ میں مقیم پاکستانی قومی کردار ادا کر یں ۔ پاکستان مشکل اور آزمائش سے گزر رہاہے ۔ نااہل ، کرپٹ اور غیر ذمہ دار قیادت اور پارٹیوں کا دور تیزی سے گزر رہاہے ۔ ایسی قیادت اور جماعت ہی استحکام اور ترقی لاسکتی ہے جو اپنے ساتھ وژن ، ٹیم ، دیانت اور عملدرآمد کا جذبہ و عزم رکھتی ہو۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کو صاف ستھرا نظام دینے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔