وزیراعظم ہائوس میں یونیورسٹی کے قیام سے متعلق پیشرفت جائزہ اجلاس

153

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم ہائوس میں جدید ترین یونیورسٹی آف انجینئرنگ و ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل سینٹر آف ریسرچ ، انوویشن اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور متعلقہ ٹیکنالوجیز اور اہم نیشنل ہیومن ریسورسز ترقیاتی پروگرام میں انٹر پرینیور شپ کے قیام سے متعلق امور بھی زیر بحث لائے گئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین ، سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ٹاسک فورس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اورچیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے انتخاب کی گئی 15 بہترین یونیورسٹیوں کے انتخاب اور خصوصی درجہ دینے کی بھی منظوری دی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیوں کی طرف سے ان کی تحقیق کی بنیاد پر تجارتی منصوبوں کا جائزہ لینے، اسکالر شپ اسکیم کو احساس پروگرام سے منسلک اور مربوط کرنے ، تحقیق اور ترقی کی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد و معاشی ٹیم کے دیگر ارکین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور معیشت کی بہتری کے حوالے سے مفصل روڈ میپ پر تبادلہ خیال گیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت معاشی صورتحال کے حوالے سے ہونے والے اجلاس پر مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بریفنگ دی۔