پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرے گا،فردوس عاشق اعوان

263

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ شروع کی تو پاکستان اس کو ختم کرے گا لیکن پاکستان پہل کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرے گا تاہم اگر پاکستان پر جنگ تھوپی گئی تو بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ ہو کر اس جنگ کو دہلی میں ختم کرے گا‘ وزیر اعظم عمران خان نے سفارتی محاذ پر بین الاقوامی قیادت کو کشمیر کے اصل مسئلے سے روشناس کرایا ہے‘ انہوں نے کشمیر کاز کو سپورٹ کرنے کے لیے فوکل گروپ تشکیل دیا ہے جو اپنی ترجیحات طے کرکے کشمیر کاز کو آگے بڑھا رہا ہے‘ وزیر اعظم عمران خان عالمی برادری، بین الاقوامی تنظیموں، عالمی مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھارت کے مائنڈ سیٹ کی طرف متوجہ کر رہے ہیں‘ عمران خان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے ایک خودار قوم کے لیڈر کے طور پر اپنا اور قوم کا بیانیہ پیش کیا ہے‘ پاکستان چاہتا ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانیت کا قتل عام بند کرے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے‘ پوری پاکستانی قوم بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے‘ پاکستانی صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کا مقبوضہ وادی کے صحافیوں سے لائن آف کنٹرول پر پہنچ کر اظہار یکجہتی کرنا لائق تحسین ہے‘ کرتار پور راہداری سکھوں کا بنیادی حق ہے جس کا نومبر میں طے شدہ شیڈول کے مطابق افتتاح کیا جائے گا‘ حکومت پاکستان میں ریفارمز ایجنڈے کے تحت اداروں میں تبدیلی لا رہی ہے‘ حکومت نے معاشی خود مختاری کی طرف قدم بڑھا دیے ہیں۔ وہ ہفتے کو گورنر ہائوس لاہور میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے کہا کہ آئندہ ہفتے وزیر اعظم قوم سے خطاب کریںگے جبکہ قوم کشمیریوں سے یکجہتی کا دن بھی منائے گی ‘ 20 روز سے کشمیری عوام کا رابطہ دنیا سے منقطع ہے‘ سوشل میڈیا تک رسائی نہیں ‘ کوئی بین الاقوامی صحافی وہاں نہیں جاسکتا لیکن دنیا خواب خرگوش سے بیدار ہونے کے لیے تیار نہیں تاہم انسانی حقوق تنظیموں اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی اصل حقیقت سے متعلق باور کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کے حوالے سے پروپیگنڈا چل رہا تھا تاہم پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ کرتار پور راہداری سکھوں کا بنیادی حق ہے جس کا نومبر میں طے شدہ شیڈول کے تحت افتتاح کیا جائے گا‘ اس حوالے سے جو ٹی او آرز طے ہوئے اور اس سلسلے میں بال بھارت کی کورٹ میں جا چکی ہے‘ بھارت کو بھی سکھوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس مسئلے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پاکستان میں ریفارمز ایجنڈے کے تحت تبدیلی لا رہی ہے تاہم فی الوقت عوام کو کڑوی گولیوں کی کڑواہٹ محسوس ہو گی لیکن حکومت نے معاشی خود مختاری کی طرف قدم بڑھا دیاہے ہیں ۔ ندیم افضل چن کے عہدے کے استعفے کے حوالے انہوں نے کہا کہ ندیم افضل چن کا پی ٹی آئی میں اہم کردار ہے اس کے حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں‘ ندیم افضل چن نے کوئی استعفا نہیں دیا تاہم وزیر اعظم کا یہ استحقاق ہے کہ وہ اپنے کھلاڑی کو کس جگہ کھلاتے ہیں۔ گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن ہو یا جنگ کر تاپور راہداری منصوبہ نومبر تک ہر صورت مکمل کر دیا جائے گا‘ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو یہ بر صغیر کی آخری جنگ ہوگی۔