اسرائیل نے فدائی حملے کے بعد مغربی رام اللہ کی ناکابندی کردی

133

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں جمعہ کے روزایک فدائی حملے میں صہیونی خاتون فوجی اہل کار کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی فوج نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کے نام پر گھر گھر چھاپا مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کی شام سے جاری ناکا بندی اور کریک ڈائون کے دوران کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز غرب اُردن کے وسطی شہر رام اللہ میں ایک یہودی کالونی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں یہودی خاتون فوجی اہل کار ہلاک اور 2 صہیونی زخمی ہوگئے تھے۔ مقامی فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی رام اللہ کے تمام اہم علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے ناکا بندی کردی ہے اور کفر نعمہ کی مرکزی شاہراہ، عین ایوب چوک، راس کرکر اور دیگر علاقوں میں سخت کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔ علاوہ ازیں صہیونی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران صحافی سمیت کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے فدائی حملے کی تحسین کرتے ہوئے قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حملہ فلسطینی قوم پراسرائیلی ریاست کے مظالم، قتل عام، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا رد عمل ہے۔قبل ازیں قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کی شام ایک احتجاجی ریلی پر مشین گنوں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے کئی شہری زخمی ہوگئے۔ طبی ذرائع کے مطابق 70 زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
لیبیا: راکٹ گرنے پر دارالحکومت کا ہوائی اڈا بند‘ پروازیں معطل
طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے ہوائی اڈے پر راکٹ داغے جانے کے بعد پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے کے روز ہوائی اڈے پر راکٹ اُس وقت داغا گیا، جب وہاں 2 مسافر جہاز اُتر رہے تھے۔ واقعے کے بعد حکام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔