ٹرمپ اُن ملاقات کے بعد سے شمالی کوریا کا ساتواں میزائل تجربہ

213
شمالی کوریا: میزائل فضا میں بلند ہورہا ہے‘ سربراہ مملکت کم جونگ اُن تجربے کا مشاہدہ کررہے ہیں
شمالی کوریا: میزائل فضا میں بلند ہورہا ہے‘ سربراہ مملکت کم جونگ اُن تجربے کا مشاہدہ کررہے ہیں

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے چند ہفتوں کے دوران ساتواں میزائل تجربہ کیا ہے، جس کے بعد امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تخفیف پر ہونے والے مذاکرات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ہفتے کے روز مختصر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے 2 بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا۔ جنوبی کوریائی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے سمندر میں 2 بیلسٹک میزائل گرے ہیں، جنہیں شمالی کوریا کی طرف سے فائر کیا گیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہکم جونگ ان کی جون میں کوریا کے غیر فوجی علاقے میں ہونے والی ملاقات کے بعد شمالی کوریا کی طرف سے کیا گیا یہ ساتواں میزائل تجربہ ہے۔ ادھر جاپانی وزیر دفاع تاکیشی ایوایا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے ہفتے کی صبح 2 بیلسٹک میزائل داغے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی جانب سے خفیہ معلومات کے تبادلے کا سمجھوتا منسوخ کیے جانے کے اعلان کے باوجود میزائل داغے جانے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی جاپان کی صلاحیت متاثر نہیں ہوئی ہے۔ ٹوکیو میں وزارت دفاع میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایوایا نے کہا کہ مذکورہ میزائل جزیرہ نما کوریا کی مشرقی سمت سے صبح 6 بج کر 44 منٹ اور 7 بج کر ایک منٹ پر فائر کیے گئے۔