معاشی اور معاشرتی اصلاحات کا ایجنڈا اسلامی نظام میں ہے،ذکراالہ مجاہد

174

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مسائل کا حل قرآن سنت کے نظام میں پوشیدہ ہے ۔دعوت و تبلیغ اور خدمت خلق انبیا کرام کا مشن رہا ہے جس پر جماعت اسلامی گامزن ہے۔ ملک کے معاشی اور معاشرتی اصلاحات کا ایجنڈا اسلامی نظام میں ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ جس قوم نے بھی اسلا م کو اپنااوڑھنا بچھونا بنایا ہے اسی نے ترقی اور خوشحالی کیساتھ دنیا پر حکومت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں یوسی 109-112 کے ارکان کے اجلاس میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، امیر علاقہ غربی لاہور ملک شفیق، چودھری عبدالواحد، محمد اکرم شاہین سمیت ارکان جماعت نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ انبیا کرام کا مشن دعوت تبلیغ، عدل وانصاف کا نفاذ اور خدمت خلق رہا ہے۔ انبیا کرام نے بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ رب العزت کی غلامی میں دینے کی جدوجہد کی اور اپنی تمام تر توائیاں صرف کیں ہیں جبکہ ہمارے معاشرے میں دین سے دوری اور وڈیروں کی غلامی کا چال چلن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ اور پسے ہوئے محروم طبقات کی عزت نفس کی بحالی کی جدوجہد کررہی ہے، جس کے لیے جماعت اسلامی نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے پیش نظر ملک سے کرپٹ مافیا کا خاتمہ اور اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگانے والے خود ریاست مدینہ کے خدوخال سے ناواقف ہیں۔ موجودہ حکمران بھی پچھلی حکومتوں کی طرح عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکے ہیں۔