قیام پاکستان میں ہمارے 20 لاکھ بزرگوں کا لہو شامل ہے، اشفاق میرانی

143

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) 14 اگست پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دن ہے، قیام پاکستان میں ہمارے 20 لاکھ بزرگوں کا لہو شامل ہے پاکستان ایک نظریاتی اسلامی ریاست ہے کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ پاکستان کے 72ویں یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں تقریبات ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جاری ہیں گزشتہ روز سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے معروف تعلیمی ادارے دی ہوپ ہائی اسکول میرواہ گورچانی کی جانب سے ماڈرن گولڈن پیلس بینکیوٹ میرواہ میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلوز اور تقاریر کے ذریعے شہداء پاکستان و شہداء کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے مہمان خصوصی سیف کے ریجنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق حسین میرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم اور بڑا دن ہے، قیام پاکستان میں ہمارے 20 لاکھ بزرگوں کا پاک لہو شامل ہے، پاکستان ایک مکمل اسلامی نظریاتی ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے کشمیر میں مودی سرکار نے ظلم کی انتہا کردی ہے، دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بچے ہمارے مستقبل کا معمار ہیں، بہتر تعلیم حاصل کر کے ہی ہم دنیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر آل پرائیویٹ اسکول میرپورخاص کے ڈائریکٹر عبدالباقی بھمبرو، ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی کے چیئرمین انجینئر احسان الحق آرائیں، وائس چیئرمین حاجی علی احمد گورچانی، ایس ایچ او ریاض احمد سومرو، اسکول کے پرنسپل غلام محمد نودھانی، سینئر صحافی محمد اسماعیل خلجی، ملک مشتاق احمد، عبدالوحید عباسی، ارشد علی رستمانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں مہمانوں کو اجرک اور شیلڈ دی گئی۔