کربلا میں اسلام کی بقا کے لیے دی جانے والی قربانی لازوال ہے

209

خیرپور (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں پولیس، رینجرز، صحت، میونسپل، روڈز، پبلک ہیلتھ، سیپکو، سوئی گیس، ٹائن افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کربلا میں اسلام کی بقا کے لیے دی جانے والی لازوال قربانی صبر و تحمل، برداشت اور حق بات پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے عزاداروں و شرکا کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کو پیشگی مکمل کرکے رپورٹ فراہم کریں۔ ڈی سی خیرپور نے اجلاس میں سیپکو افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ایام عزا کے دوران غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں کوئی حادثہ رونما ہوا تو اس کا ذمے دار سیپکو ہوگا۔ ڈی سی خیرپور نے تمام اداروں کے افسران کو ہدایت دیں کہ وہ تمام تر سفارشات، شکایات اور تجاویز کی روشنی میں متعلقہ محکموں کا کانٹی جنسی پلان ترتیب دے کر تعلقہ سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کریں۔ ڈی سی خیرپور نے کہا کہ شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال کیا گیا ہے اور تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ وہ خود کریں گے۔ اجلاس میں میونسل کمیٹی کے چیئرمین سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران تمام تر اقدامات کے سلسلے میں تیاری مکمل کرلی گئی ہے، جہاں بھی ضرورت ہوگی ہم اپنی بھرپور کوشش کریں گے کہ کسی بھی عزادار کو ان ایام میں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹ، پینے کے پانی کی فراہمی جیسے اقدامات کی وہ خود مانیٹرنگ کریں گے۔ اجلاس میں ڈی ایس پی مہدی رضا اور ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح نے بتایا کہ ایام عزا کے دوران ضلع بھر میں 1947 مجالس، جلوس، عزاداری کے پروگرام منعقد ہوں گے، جس کے لیے خیرپور پولیس نے کانٹی جنسی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جس میں 4527 افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ پاک فوج کے اضافی دستوں کو الرٹ حالت میں رکھنے کے لیے تحریری طور پر بالا حکام کو لکھا جائے گا۔ شہر وں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی۔ مشکوک افراد پر کڑی نظر اور روزانہ کی بنیاد پر حساس مقامات پر چیکنگ اور پولیس گشت پلان میں شامل ہے۔ رینجرز کے ڈی ایس آر منظور علی نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران رینجرز کے ماسٹر پلان کے مطابق رینجرز کے 548 افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔