لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف تحریک چلائیں گے،امداد لاشاری

210

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن آف پاکستان ’’کاگف‘‘ کے سینئر وائس چیئرمین امداد علی لاشاری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ متوسط اور غریب طبقے کو ضروریات زندگی اور گھر کی چھت فراہم کرے مگر افسوس کہ گزشتہ 72 سال سے آنے والے تمام حکمرانوں نے بدعنوانیوںکے ریکارڈ توڑ کر اس ملک اور قوم کو مقروض کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے بدعنوان حکمرانوں، نوکر شاہی، سیاستدانوں اور دیگر کیخلاف میدان عمل میں آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’کاگف‘‘ کے سینئر وائس چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 38 سال سے کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے مالکانہ حقوق اور ان کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے جدوجہد میں کوشاں کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن پاکستان کی جانب سے دی گئی تجاویز پر صوبائی وزیر سیٹلمنٹ اور خصوصی ترقی مرتضیٰ بلوچ کی جانب سے 30 جون 1997ء کے بجائے 2003ء تک آباد کچی آبادیوں اور گوٹھوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان خوش آئند اقدام ہے، جس پر ’’کاگف‘‘ وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ سے اظہار تشکر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کاگف‘‘ لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں سمیت مختلف محکموں خصوصاً KMC، KDA، LDA، ریونیو بورڈ میں بدعنوانی، اقربا پروری اور جعلی کاغذات پر من پسند گوٹھوں اور کالونیوں کو لیزیں دینے کیخلاف محرم کے بعد بھرپور تحریک چلائے گی جس میں سول سوسائٹی کے تمام طبقات بھرپور شرکت کریں گے۔ ’’کاگف‘‘ کے سینئر وائس چیئرمین نے کہا کہ ملک بھر کی کچی آبادیوں اور گوٹھوں کو درپیش مسائل اس وقت حل ہوں گے جب ان آبادیوں اور گوٹھوں کے مکین اپنے حقوق کے لیے میدان عمل میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کاگف‘‘ کی بھرپور جدوجہد ہے کہ ملک کے غریب اور متوسط عوام کو ان کے حقوق ان کی دہلیز پر ملیں اور اس کے لیے ’’کاگف‘‘ بھرپور تحریک چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سرکاری اداروں کی سرپرستی میں قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کار کچی آبادیوں اور گوٹھوں میں سرکاری اراضی پر قبضے کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں تو دوسری جانب چائنا کٹنگ میں ملوث بااثر افراد تاحال قانون کی گرفت سے بچے ہوئے ہیں۔ انتظامی اداروں کا فرض ہے کہ وہ ان قبضہ گروپوں اور چائنا کٹنگ کرنے والوں کیخلاف مؤثر کارروائی کرکے کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے لاکھوں مکینوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے کچی آبادی قانون کے تحت مالکانہ حقوق دیں۔