مولانا اسفندیار ، مفتی نعیم ، مفتی محمد زبیر و دیگر کا آزادی کشمیر مارچ کی حمایت کا اعلان

1056
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم مفتی نعیم، اسفندیار ولی ودیگر علماسے آزادی کشمیر مارچ کے سلسلے میں ملاقات کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم مفتی نعیم، اسفندیار ولی ودیگر علماسے آزادی کشمیر مارچ کے سلسلے میں ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھارت کے ریاستی جبر و تشدد کے خلاف اور مظلوم کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اتوار یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے تاریخی اورعظیم الشان ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘کے سلسلے میں جامعہ دار الخیر گلستان جوہر کے شیخ الحدیث مولانا اسفند یار خان ، جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے رئیس مفتی محمد نعیم ، جامعہ الصفہ کے مہتمم مولانا مفتی محمد زبیر ، دارالعلوم الندوہ کے مہتمم مفتی معتز بااللہ سے ان کے مدارس و جامعات میں ملاقاتیں کیں،اس موقع پر علماء کرام نے ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف پاکستان اور کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امت کا مسئلہ ہے، کشمیریوںکی آزادی کے لئے ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد، ڈپٹی سیکرٹری یونس بارائی ، جمعیت اتحادالعلما کے مولانا عبدالوحید ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، نائب امیر ضلع غربی مولانا فضل احد ،ضلع شرقی کے سیکرٹری ڈاکٹر فواد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ بعدازاں حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیر مارچ اہل کراچی کا مارچ ہے ، جماعت اسلامی دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ کشمیری عوام اکیلے نہیں ،پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے ، مارچ سے دنیا میں کشمیر یوں کی آواز جائے گی ، بھارت نے اقوام متحدہ کی قرار داد کو ٹھوکر پر رکھا ہوا ہے ، حکمرانوں نے اقوام متحدہ میں بھی کشمیر کی صحیح ترجمانی نہیں کی ، کشمیر کا مسئلہ بات چیت یا مذاکرات سے حل نہیں ہوگا ، آدھا کشمیر بھی جہاد کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا ،مقبوضہ کشمیر بھی جہاد سے حاصل ہوگا،ریاست جہاد کا اعلان کرے تو پوری قوم فوج کی پشت پر ہوگی،اگر ہم خاموش رہے تو مسئلہ حل نہیں ہوگا ،تمام اسلامی ممالک مسئلہ کشمیر پر متحد جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے تمام اخلاقی اور قانونی حدیں پار کر دی ہیں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ، امریکا ثالثی کا کردار کیسے ادا کرسکتا ہے ؟، امریکا مسلمانوں کا دشمن ہے ، امریکا تو افغانستان سے عزت سے نکلنے کے لئے پاکستان کا استعمال کر رہا ہے ۔ملاقات کے موقع پر مولانااسفند یار خان نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانا ہمارا قومی فریضہ ہے ، ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘جماعت اسلامی کا اچھا اقدام ہے ، جس کی ہر طبقہ فکر کو حمایت کرنی چاہیے ، مارچ بیداری کی علامت ہے ، یہ بہترین عمل ہے ، ہم اسلام کی سربلندی اور کشمیر یوں کے لئے جدوجہد میں جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ ہیں ۔ مفتی محمد نعیم نے کہا کہ کشمیرپر جو مظالم ہو رہے ہیں ، وہ پوری دنیا کے سامنے ہیں ، امت مسلمہ متحد نہیں ہے ، اس لیے شام ، لیبیا و دیگر ممالک میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ، عوام جماعت اسلامی کے مارچ میں شریک ہو کر کشمیری عوام سے یکجہتی کریں ۔مفتی محمد زبیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان کی تڑپ اور بے کسی پر مسلمانوں کا آواز اٹھانا فرض ہے ، شرعی اعتبار سے خاموش رہنا گناہ میںشمار ہوگا ، یہ ہمارا دینی فرض بھی ہے ، جماعت اسلامی کے ساتھ مارچ میں شرکت فرض ہے ، تمام مسلمان کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، عوام جماعت اسلامی کے مارچ میںبھرپور شرکت کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اقدامات ناکافی ہے ، ریاست عملی اقدامات کرے ، مقبوضہ کشمیر میں فلسطین کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے ، کشمیری عید اور جمعہ کی نماز بھی ادا نہیں کر پا رہے ۔مفتی معتز بااللہ نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال بہت خراب ہے ،اگر مسلمان کے اندر مسلمان بھائیوں کیلئے تڑپ اور بے چینی نہ ہوتو قابل تشویش بات ہے ، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تمام دینی جماعتوں کو مل کر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے ۔