اہم خبریں

424

صحافیوں کا دفتر خارجہ کے باہر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی
اسلام آباد (اے پی پی) صحافیوں نے دفتر خارجہ کے باہر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے شکار کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل بھی شریک ہوئے۔ صحافیوں نے کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ، ترجمان دفتر خارجہ اور صحافیوں نے شمعیں روشن کیں۔

پاکستان میں ایمن الظواہری کی اہلیہ کو گرفتار کیا گیا، القاعدہ کا الزام
ریاض (آن لائن) شدت پسند تنظیم القاعدہ نے پاکستان کی سیکورٹی فورسز پر تنظیم کے سربراہ ایمن الظواہری کی اہلیہ اور القاعدہ کے مقتول جنگجوئوں کے 2 دیگر خاندانوں کو ایک سال سے زیرحراست رکھنے کا الزام عاید کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق القاعدہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے الظواہری کی اہلیہ اور مقتعول جنگجوؤں کے 2 دیگر خاندانوں کے متعدد افراد کو حراست میں لے رکھا ہے۔ انہیں ایک سال قبل وزیرستان سے حراست میں لیا گیا جہاں وہ مسلسل فضائی حملوں سے بچنے کیلیے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، تیل اور چائے کی قیمتوں میں 18 روپے تک اضافہ
اسلام آباد (آن لائن) یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، تیل اور چائے کی قیمتوں میں 18 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی فی کلو 15 روپے، پکانے کا تیل فی لیٹر10 روپے اور چائے کی پتی 950 گرام 18 روپے تک مہنگی کردی گئی ہے، نوٹیفکیشن کا فوری اطلاق ہوگا۔