کشمیر میں بہنے والا ہر آنسو اور خون آزادی کی پکار ہے ،صدر مملکت

428

اسلام آباد (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بہنے والا ہر آنسو اور خون کا قطرہ آزادی کو پکار رہا ہے،ظلم وجبرکا کوئی بھی ہتھکنڈا کشمیریوںکے بھارت مخالف عزم کو دبا نہیں سکا ، وہ ہر قیمت پر آزادی چاہتے ہیں۔صدرمملکت نے ٹوئٹر پر ایک وڈیوپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے سرینگر جہاں گزشتہ روز کرفیو، پابندیوں، بلیک آئوٹ، آنسو گیس اور فائرنگ کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کشمیری عوام بشمول مرد ، خواتین اوربچے بھارتی جارحیت کے خلاف جمعہ کو سڑکوں پر نکلے۔صدرمملکت نے اپنے 20لاکھ ٹوئٹر فالورز اور دیگر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وڈیو کوری ٹوئٹ کریں تاکہ دنیا کشمیر میں بھارتی مظالم کوجان سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آگ سے کھیل رہا ہے اور نیویارک ٹائمزکی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں بتایاگیا ہے کہ ’’خطرناک نعرے لگائے جارہے ہیں‘‘۔ وقت ایک پرامن حل کے لیے تیزی سے نکل رہا ہے۔صدر مملکت نے متعدد ٹوئٹس میں کہا کہ بھارت دہشت کے بیج نہ بوئے اور پھر اپنے ظالمانہ اورغیرقانونی اقدامات کے ردعمل کے الزام پاکستان پر نہ لگائے۔ صدر نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے کہ کشمیرمیں بھارتی فوج گولیاں برسا کر خلاف ورزیاں کررہی ہے ۔