حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے، بلاول بھٹو

304

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے،یہ بالکل نااہل حکومت ہے،ان کوپتاہی نہیں کیاکرناہے۔

اسکردو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی مسلسل جدوجہد کی تاریخ ہے،ہم نے آہستہ آہستہ اپنے حقوق حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کیا ہے، پیپلزپارٹی فاشسٹ نہیں نظریاتی جماعت ہے، مجھے افسوس ہے کسی نے پیپلزپارٹی کا منشور نہیں پڑھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے خود کو پورے ملک کے سامنے بے نقاب کر دیا،عمران خان اپنی کہی ایک بھی بات پر قائم نہیں رہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے، پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس کے دوران مریم نواز کو گرفتارکرلیا گیا،یہ بالکل نااہل حکومت ہے،ان کوپتاہی نہیں کیاکرناہے، حکومت ہمیں فالو کررہی ہے،ہم بھی اپوزیشن کررہے ہیں اورحکومت بھی ، حکومت بھی اپوزیشن کرے گی توحکمرانی کون کرے گا؟حکومت نے خارجہ پالیسی کوکمزورکیاہے،سفارتکاری جاننے والی شخصیات کونظراندازکردیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ جس روز میں آزاد کشمیر پہنچا اسی رات فریال تالپورکو گرفتار کرلیا گیا، ہم نے رکاوٹیں ماضی میں بھی دیکھی ہیں، پتاہے ان کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں جاؤں گا کشمیر کے لیے آواز بلند کروں گا، کشمیرکاز کے لئے جگہ جگہ آواز بلند کریں گے، مقبوضہ کشمیرکو کھلی جیل بنا دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے لیے کام کرنے والے سیاستدانوں کو بھی نظر بند کردیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی اپوزیشن لیڈرکوبھی مقبوضہ کشمیرنہیں جانے دیاگیا،سب نے مل کرمقبوضہ کشمیر کے لئے آوازاٹھانی ہے۔