پاکستان میں فرسٹ کلاس میچز ٹاس کے بغیر شروع ہوں گے

83

برطانیہ کے بعد اب پاکستان میں بھی  فرسٹ کلاس میچز ٹاس کے بغیر شروع ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈنئے فرسٹ کلاس سیزن کو پرکشش بنانے کیلئے کئی تجربات کررہی ہے۔پی سی بی نےقائد اعظم ٹرافی میں نو ٹاس کا منفرد تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انگلینڈ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہوگا جس میں فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہوگا۔

2016میں انگلینڈ کے کاؤنٹی میچوں میں ٹاس میں سکے کا استعمال ختم کردیا گیا تھا۔ انگلینڈ یہ تجربہ ٹیسٹ میچوں میں بھی کرنا چاہتا تھا لیکن اسے آئی سی سی میٹنگ میں اس تجویز پر حمایت نہ مل سکی۔

پی سی بی ستمبر کے دوسرے ہفتے میں قائد اعظم ٹرافی شروع کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ نئے سسٹم کے تحت چھ صوبائی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کرایا جائے گا۔

چار روزہ میچوں میں اگر مہمان ٹیم کو پچ سے شکایت ہے اور وہ اپنے مضبوط بولنگ اٹیک سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو وہ نو ٹاس کا آپشن استعمال کرتے ہوئے پہلے بولنگ کرسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے ٹاس کا کردار ختم ہوجائے گا،یہ ایڈوانٹیج وزٹنگ ٹیم کو ہوگاجبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ روایتی انداز میں ٹاس کے ساتھ ہی ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر دورہ کرنے والی ٹیم چاہے گی تو اس کے پاس آپشن ہوگا کہ وہ پہلے بولنگ کرسکتی ہے تاہم اگر دونوں ٹیمیں پہلے بیٹنگ کرنا چاہیں گی تو پھر ٹاس کا آپشن استعمال ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ سے آنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفسیر وسیم خان نے یہ تجویز اپنے ماہرین سے ڈسکس کی جس پر انہیں بھرپور حمایت ملی۔