راہول گاندھی اورغلام نبی آزاد کو سری نگر ائیرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا

470

نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے سنئیر رہنماؤں راہول گاندھی اورغلام نبی آزاد کو سری نگر ائیر پورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس رہنما سری نگرمیں گرفتارسیاسی رہنماؤں سےملاقات کرنے اور مقبوضہ کشمیر کےعوام سےاظہار یک جہتی کرنے کیلئے پہنچے تھے ان کی آمد پر سرینگر ائیر پورٹ پر بھارٹی فوجیوں کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا تھا اپوزیشن رہنماؤں کا طیارہ جب سرینگر ائیرپورٹ پر لینڈ کیا تو انہیں ائیر پورٹ سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور زبردستی واپس بھیج دیا گیا۔

ائیر پورٹ پر عالمی میڈیا سمیت ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو اپوزیشن رہنماؤں سے بات چیت کرنےسے روک دیا گیا، اس دوران فورسز اور میڈیا نمائندوں تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی دیکھنے میں آئی جبکہ ایک خاتون صحافی کے ستھ بدتمیزی بھی کی گئی۔

دوسری جانب بھارتی فوج نے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ،وادی میں مسلسل 20 روز بھی کرفیو نافذ ہے جبکہ ہزاروں کشمیریوں اور حریت رہنماؤں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔

یاد رہے کہ کانگریس رہنماؤں کو حکومتی جماعت بی جے پی نے جانےسے روک دیا تھا۔

اس سے قبل 5 اگست کو بھارت مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ کیا تھا جس کے بعد سے کشمیر کی وادی میں کرفیو کا نفاذ ہے ،جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔