مقبوضہ کشمیر: کرفیو کو 20روز گزر گئے،احتجاج کا سلسلہ زور پکڑ گیا

434

سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو آج 20 روز ہوگئے، تمام تر پابندیوں کے باوجود کشمیر یوں کا جذبہ حریت کم نہ ہوا ،وادی بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھارتی فوج کی  گھر میں شیلنگ سے ایک خاتون شہید ہوگئیں ۔

مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی فوج کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ، کشمیری نوجوان گھروں سے  سر پر کفن باندھ کرنکل رہے ہیں  جبکہ خواتین بھی مردوں کے شانہ با شانہ ہیں ،بھارتی فوج کی فائرنگ اور پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال سے ہزاروں کشمیری زخمی ہیں ۔ بزدل بھارتی فوج نے گھروں میں محصور لوگوں کو بھی نہ چھوڑا، گھروں میں آنسو گیس فائر کئے جس سےخاتون شہید ہوگئیں۔

شہید خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ کشمیر میں کچھ بھی نارمل نہیں ہے، یہ ان کا میڈیا ہے وہ کچھ بھی کہہ رہے ہیں، وہ جو ہمارے ارد گرد ہو رہا ہے نہیں دکھا سکتے، وہ یہاں سب نارمل دکھا رہے ہیں لیکن کشمیر میں کچھ بھی معمول پر نہیں، میرے بچے روز مجھ سے پوچھتے ہیں کہ ماما کیوں چلی گئیں ۔

دوسری جانب حریت پسندوں  اور بھارتی پیلٹ گن سے زخمی نوجوانوں نے اعلان کیا ہے کہ ٹھیک ہوتے ہی دوبارہ احتجاج میں شرکت کریں گے ۔ قابض فوج نے ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے گرفتار کرلیا۔ مائیں گرفتار بچوں کی خیر خبر جاننے کے لیے بے قرار ہیں۔ حریت رہنماؤں نے کشمیریوں کو تمام تر پابندیوں کو توڑنے اور چٹان کی طرح قابض فوج کے سامنے ڈٹ جانے کی اپیل کی ہے۔