سری لنکا کے خلاف معاملہ ایشائی کرکٹ کونسل لے جانے کا فیصلہ

176

لاہور(آئی این پی) پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی)نے ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کو سخت جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق صدارتی سطح کی سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے پر پی سی بی سری لنکن بورڈ سے شدید خفا ہے۔پی سی بی نے اس تمام معاملے پر سری لنکن کرکٹ بورڈ سے بات کرنے اور احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ یہ معاملہ ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی)کے اجلاس میں بھی اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے سری لنکن کرکٹ حکام سے رابطہ کرکے ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کے فیصلے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو صدارتی لیول کی سیکورٹی دینے کی یقین دہانی کے باوجود انکار سمجھ سے باہرہے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے وزیر کھیل نے ٹیسٹ سیریز پاکستان میں نہ کھیلنے کا اعلان کیا، بورڈز کے درمیان بات چیت کے سلسلے کے دوران سری لنکن وزیر کھیل کا بیان حیران کن تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن بورڈ نے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، سیریز کے 2شیڈولز پر بات چیت کا سلسلہ جاری تھا، سیریز کا میزبان پاکستان ہے تو اعلان سری لنکا کیسے کرسکتا ہے؟پی سی بی کی جانب سے باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ بنا کسی وجہ کے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے انکار پر دونوں ممالک کے مابین ہونے والی سیریز منسوخ بھی ہو سکتی ہے۔یاد رہے گزشتہ روز سری لنکن میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گی اور اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔