فلسطین: فدائی حملے میں یہودی آبادکار ہلاک‘ 3 زخمی

319
مغربی کنارا: قابض صہیونی فوج فلسطینی بچے اور نوجوان کو پکڑ رہی ہے‘ حملے میں مرنے والی یہودی آبادکار کی لاش آخری رسومات کے لیے لائی جارہی ہے
مغربی کنارا: قابض صہیونی فوج فلسطینی بچے اور نوجوان کو پکڑ رہی ہے‘ حملے میں مرنے والی یہودی آبادکار کی لاش آخری رسومات کے لیے لائی جارہی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں دولیو یہودی کالونی کے قریب فدائی حملے کے نتیجے میں ایک یہودی آباد کار خاتون ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوگئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی حکام نے جمعہ کے روز ہونے والے فدائی حملے میں ایک یہودی خاتون کی ہلاکت اور 3 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رام اللہ کے قریب ہونے والے حملے کے بعد زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں 4 یہودی زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد تصدیق کی گئی کہ خاتون آبادکار ہلاک ہو گئی جبکہ دیگر زخمی ہونے والے 3 اسرائیلیوں کی عمریں 18 سے 46 برس کے درمیان ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد صہیونی حکام اور پولیس کی بھاری نفری بدحواسی کے عالم میں جائے وقوع پر پہنچی جبکہ یہودی کالونی میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔ اسی دوران مختلف علاقوں میں چھاپا مار کارروائیوں کے دوران گھروں اور راستے بند کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فدائی حملے کے بعد قابض فوج اور پولیس سمیت اسرائیلی حکومت نئی تشویش میں مبتلا ہو گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آیندہ ماہ اسرائیل میں انتخابات ہوں گے جبکہ اس سے پہلے ہی غزہ کی پٹی میں بڑھتی کشیدگی اور دیگر مزاحمتی کارروائیوں کے باعث صہیونی وزیر اعظم انتخابات کے نتایج کے حوالے سے شکست کے خوف میں مبتلا ہیں۔ صہیونی میڈیا کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کی جانب مختلف اوقات میں 6 راکٹ داغے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کی سرحدی باڑ کے قریب براہ راست فائرنگ کر کے ایک فلسطینی کو زخمی کر دیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی نے فوجیوں کی جانب دستی بم پھینکے تھے۔ اُدھر فلسطینی وزارت صحت نے جمعہ کو علی الصبح ایک اعلان میں بتایا کہ غزہ شہر کے مشرق میں سرحدی باڑ کے نزدیک اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینی کو طبی مرکز لایا گیا۔ نوجوان کی ران میں گولیاں لگیں، جس کا الشفا میڈیکل کمپلیکس میں علاج شروع کردیا گیا ہے۔