نوجوان ملک وقوم کا انمول اثاثہ ہیں‘وزیراعلیٰ بلوچستان

355

تربت(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ نوجوان ملک وقوم کا عظیم انمول اثاثہ ہیں جن کی صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت کرکے انہیں بااختیار بنایا جائے تو ملک کے مستقبل کے لیے کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 4روزہ امن میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان یوتھ فیسٹیول کی تقریبات کا اہتمام انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے کیا گیا۔ ان تقریبات میں فیکلٹی اراکین ، نامور دانشوروں اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریبات کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرکے ملکی ترقی ،امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر گامزن کرنا تھا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے سے معاشرتی، ثقافتی اور معاشی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اورصوبے میں ترقی و خوشحالی اور استحکام کے سنہری دور کا آغاز ہوگا اور دنیا کے سامنے بلوچستان اور پاکستان کا امیج اجاگر ہوگا۔اس موقع پر اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ضیاالحق اور تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر سمیت کئی دانشوروں نے خطاب کیا۔