ڈیلی میل اور برطانوی صحافی نے نوٹس کا جواب داخل نہیں کیا، شہبازشریف

333

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہبازشریف نے کہاہے کہ ابھی تک ڈیلی میل اور برطانوی صحافی نے ان (شہبازشریف) سے متعلق دعوے پر ان کے لیگل نوٹس کا جواب داخل نہیں کیا۔ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شہباز شریف نے لکھا کہ ڈیلی میل کے متعلقہ رپورٹر ڈیوڈ روز نے بھی 17 اگست کو جواب دینے کا کہا، ڈیلی میل نے کہا کہ ہم جلد سے جلد جواب دیں گے تاہم یہ نہیں بتایا کہ کب تک جواب دیں گے؟سابق وزیرا علیٰ پنجاب نے لکھا کہ ڈیلی میل کے خلاف میری جانب سے لیگل نوٹس کا جواب 22 اگست تک دیا جانا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کو قانونی کارروائی کا نوٹس 26جولائی کو بھیج دیا تھا۔شہباز شریف نے قانونی نوٹس 14 جولائی 2019 ء کو شائع ہونے والی خبر پر بھیجا ہے اور اس میں ڈیوڈ روز کی خبر کو جھوٹے الزامات پر مبنی قرار دیا۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ2005 ء کے زلزلے کے بعد بحالی کے منصوبوں میں برطانوی ٹیکس دہند گان کا پیسہ نا جائز طور پر استعمال کرنے کا الزام بے بنیاد اور سراسر جھوٹ ہے، یہ خبر شہباز شریف اور ان کے خاندان کی سیاسی ساکھ اور کردار کو مسخ کرنے کے لیے گھڑی گئی جس کے پس منظر میں پاکستان کی موجودہ حکمران قیادت کا ہاتھ ہے۔