مسئلہ کشمیر 2ممالک نہیں، نظریات کا تنازع ہے ‘فردوس عاشق

467

اسلام آباد( خبرایجنسیاں)معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 19دن سے مسلسل کرفیو نافذ ہے اور کشمیریوں کو گھروں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،یواین سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیں ۔ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے جمعے کو ایک نجی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 2ممالک نہیں 2نظریات کا تنازع ہے جس میں کشمیری شہریوں کو بھارتی دہشت گردی کا سامنا ہے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے ’’کامیاب نوجوان پروگرام ‘‘ کی منظوری دے دی ہے ،اس پروگرام میں بھی 25فیصد قرضے خواتین کو دیے جائیں گے‘پاکستان بدقسمتی سے معاشی محاذ پر پیچھے ہے‘ہماری خواتین گھر میںبیٹھ کر جیولری اور پتھروں کے چھوٹے کاروبار شروع کر سکتی ہیں‘ہمارے کرنٹ اکائونٹ خسارے میں 30فیصد اور ہماری امپورٹ میں 18فیصد کمی ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیںملک بھر سے صحافیوں کی نمائندہ ریلی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد سے لائن آف کنٹرول کی طرف روانہ ہوگئی‘ لائن آف کنٹرول پر صحافیوں کی طرف سے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرائے جائیں گے اور بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ جمعے کو ریلی سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر ریلی شرکا کو خوش آمدید کہتے ہیں‘پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔