کشمیر کے لیے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رہے گی

159

سجاول (نمائندہ جسارت) کشمیر میں برسوں سے جاری بھارتی جارحیت و مظالم کیخلاف ملاح قوم و مختلف برادریاں سڑکوں پر نکل آئیں۔ حب الوطنی سے سرشار اہالیان سجاول کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں صدیق اکبر چوک سے اظہار یکجہتی ریلی میں عوام کا سمندر امڈ آیا۔ ضلع سجاول کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کیخلاف صدیق اکبر چوک سجاول سے اظہار یکجہتی ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کرکے عالمی دہشت گرد مودی کیخلاف سخت نعرے بازی کی گئی، جبکہ اظہار یکجہتی ریلی میں ایس ایس پی سجاول کیپٹن (ر) امیر سعود مگسی، ہندو کمیونٹی، ہندو کونسل، امن کونسل پاکستان، نوجوان اتحاد نانگ گروپ، گسٹا، پ ٹ الف سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماں، کارکنان سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ تپتی دھوپ میں شروع ہونے والی اظہار یکجہتی ریلی شہر کے مختلف چوراہوں اور راستوں سے ہوتی ہوئی پبلک پارک پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھا کر بھارت کیخلاف اور کشمیر کے حق میں نعروں لگاتے رہے۔ مودی سرکار کی کشمیر میں ہونے والے ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت اور اقوام متحدہ سمیت عالمی امن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین علی میر ملاح، ایس ایس پی سجاول امیر سعود مگسی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم عالمی دہشت گرد مودی سرکار کو میسج دیا ہے کہ کشمیر ہمارا ہے اور ہمارا رہے گا کشمیر کے لیے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب بہارت کی مذمت نہیں بلکہ مرمت کا وقت آپہنچا ہے، سندھ کا بچہ بچہ خون کے آخری قطرے تک مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ انتہا پسند مودی سرکار کو کشمیر کی حیثیت کو ختم کرنے کا کوئی حق نہیں۔ رہنمائوں نے کہا کہ کشمیر میں کئی سال سے جاری بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کی مسلسل خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ کاغذ کا ایک ٹکڑا کشمیر کی حیثیت نہیں بدل سکتا، کل بھی کشمیر ہمارا تھا اور آج بھی ہمارا ہے۔