بدین ،مطالبات کی عدم منظوری پر فشر فوک فورم کا احتجاج

117

بدین (نمائندہ جسارت)فشر فوک فورم کی جانب سے ڈی سی چوک سے بدین پریس کلب تک نکالی گی احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں ضلع بھر سے آنے والے سیکڑوں مرد، خواتین، ماہی گیروں اور بچوں نے شرکت کی۔فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین سید محمد علی شاہ، ضلع صدر مٹھن ملاح جنرل سیکرٹری عمر ملاح اور دیگر نے بدین پریس کلب کے سامنے ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے سندھ کے ماہی گیر ساحلی علاقوں اور جھیلوں پر ٹھیکیداری نظام کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھیں گے ہم نے پہلے بھی اپنا حق کامیاب جدوجہد کے بعد حاصل کیا تھا اور اب سندھ کے ماہی گیر اپنے حق کے اصول تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے ٹھیکیداری نظام کے خلاف ماہی گیروں کی جدوجہد کی حمایت کی تھی اور پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی میں اس کالے نظام کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی اور اب پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت شہید بے نظیر بھٹو اور پیپلزپارٹی کے مؤقف کی نفی کر کے ماہی گیر دشمنی کا ثبوت دیا ہے ۔سید محمد علی شاہ چیئرمین فشر فوک فورم نے کہا ڈائریکٹر فشریز کرپشن کا دروازہ کھولنے کے لیے اور صوبائی وزیر پانی کیذخائر پر غیرقانونی قبضہ کر کے لاکھوں ماہی گیروں کو بے روزگار کر کے چند افراد کو نوازنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مچھلی اور جھینگے کے شکار پر صرف ماہی گیروں کا حق ہے اس حق سے ہم کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور ٹھیکیداری نظام کے خاتمے تک پورے سندھ میں احتجاجی مہم جاری رکھیں گے اور جدوجہد کے آخری مرحلے میں کراچی میں لاکھوں ماہی گیر وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیرائو کریں گے۔ اس موقع پر شرکا نے سندھ حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔