حیدرآباد:مہنگائی کیخلاف عوام راپا احتجاج

156

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) عوامی ورکز پارٹی کی جانب سے مہنگائی کیخلاف جیم خانہ سے پریس کلب تک پیدل مارچ کیا گیا، مارچ میں مزدور، اساتذہ، طلبہ، وکلا، خواتین اور سیاسی وسماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکا نے پارٹی کے جھنڈے اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کیخلاف مذمتی نعرے درج تھے۔ شرکا وفاقی حکومت، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عالمی مالیاتی ادروں کیخلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ اس موقع پر عوامی ورکز پارٹی کے رہنماؤں کامریڈ بخشل تھیلو، عالیہ بخشل تھلو، سرمد آزاد، جئے سندھ محاذ کے چیئرمین عبدالخالق جونیجو، ہاشم کھوسو، مزدور رہنما مسرور شاہ، سماجی رہنما پنہل ساریو، حسین مسرت شاہ، زاہدہ ڈاہری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور اس کے وسائل موجودہ حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیے ہیں۔ سویلین اور نان سویلین حکمران طبقے نے ملک کے عوام کو بھوک، بے روزگاری، بیماریوں میں مرنے کے لیے تہنا چھوڑ دیا ہے اور اب یہ آپس میں عوام سے لوٹے گئے پیسے پر لڑرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی آمدنی کا آدھے سے زیادہ حصہ دفاع اور ملکی قرضوں کی مد میں خرچ ہوتا ہے۔ عوام کی صحت، تعلیم رہائش اور روزگار پر آٹے میں نمک کے برابر خرچ کیا جاتا ہے۔ قومی وسائل کو مقامی افراد کی فلاح پر خرچ کرنے کے بجائے سرکاری اداروں کو نجکاری کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔ صنعت وزراعت تباہ ہوچکے، دریا پر ناجائز قبضہ ہے، ترقی کے نام پر کچی آبادیوں اور قرب وجوار کے دیہات کو بلڈوز کرکے لوگوں کو دربدر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر غیر اعلانیہ ٹیکسوں کی بھر مار کردی گئی ہے۔ اشیا خورونوش، ادویات، گیس، بجلی، پیٹرل سمیت ہر چیز روزانہ کی بنیاد پر مہنگی کی جارہی ہے اور مزدروں کی تنخواہ وہی ہے جس کی وجہ سے خواتین بچوں کو زہر دے کر خودکشی کررہی ہیں۔ اس موقع پار ناری جمہوری محاذ کی جانب سے مہنگائی کیخلاف اسٹیج پر تھیٹر بھی پیش کیا گیا جبکہ آخر میں مہنگائی کیخلاف مختلف قرار دادیں پاس کی گئیں۔