بھارت کی 9 اپوزیشن جماعتوںکا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر احتجاج

168

نئی دہلی(آن لائن)بھارت کی 9 اپوزیشن جماعتوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہاں سنگین صورتحال ہے اور ساتھ ہی کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کردیا۔رپورٹ کے مطابق بھارتی ایوانِ بالا (راجیہ سبھا) میں قائد حزب اختلاف اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ نبی آزاد کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ ماننا پڑے گا کہ یہ جمہوریت نہیں، اگر ہم یہ سمجھنے میں ناکام رہے تو اس کا مطلب ہم احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں‘۔حزب اختلاف کی جماعتوں پر مشتمل اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ’جموں اور کشمیر میں کچھ بہت سنگین ہورہا ہے جسے حکومت چھپانے کی کوشش کررہی ہے اور میڈیا کو بھی سچ دکھانے کی اجازت نہیں‘۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر احتجاج کا انتظام تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعت ’ڈریویڈا منیترا کازغم‘ نے کیا تھا جس میں نبی آزاد کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 کو ختم کرنے کا قانون، خفیہ راستوں سے لایا گیا۔سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ وزیراعظم کی کرسی پر ہوتے تو یہ چیزیں نہیں ہوتیں۔اس موقع پر ایک اور سیاسی رہنما سیتارام نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت میں تبدیلی کو آئین کے ستونوں پر براہِ راست حملہ قرار دیا۔