بھارت مقبوضہ کشمیر میں جعلی آپریشن کرے گا،عمران خان

360

اسلام آباد( نمائندہ جسارت ) وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جعلی آپریشن کرے گا۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے جھوٹا دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد مقبوضہ وادی اور جنوبی بھارت میں داخل ہوچکے ہیں ، اب بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے جعلی آپریشن کرے گا اور مقبوضہ وادی سمیت دیگر علاقوں میںنسل کشی کرے گا، عالمی برادری فوری نوٹس لے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے جرمنی کی چانسلر ڈاکٹر انجیلا مرکل سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں،عالمی قوانین اور خود اس کی اپنی یقین دہانیوں سے براہ راست متصادم ہیں۔ انہوں نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال بشمول مکمل لاک ڈائون، ہر طرح کے مواصلاتی رابطے منقطع کرنے اور خوراک و ادویات کی شدید قلت کی صورتحال کو اجاگر کیا۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات سے کشمیریوں کی زندگیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جسے ہر صورت روکا جانا چاہیے۔دونوں رہنمائوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب تاروکونواور مالدیپ کے ہم منصب عبداللہ شاہد سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو ایک اور خط ارسال کرکے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر توجہ دلائی۔ علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں ڈپلومیٹک کور سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2ایٹمی قوتوں کو جنگ سے گریز کرنا چاہیے، یہ مشترکہ خودکشی کے مترادف ہو گا، دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوںگے، جینو سائیڈ واچ نے بھی اس سلسلے میں مفصل الرٹ جاری کیا ہے۔