ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے بلیک لسٹ ہونے کا بھارتی پراپیگنڈا ناکام

280

پاکستان کے خلاف بھارت کی ایک اور چال ناکام ہو گئی، بھارتی میڈیا پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے تاہم ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا ذکر تک موجود نہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ کروانے کیلئے کی گئی متعدد کوششیں ناکام ثابت ہوئیں،جس کے بعد اب انڈین میڈیانےاپنی ناکامی چھپانے کیلئے پاکستان کے بلیک لسٹ ہونےکا جھوٹا پراپیگنڈاشروع کردیا ہے۔ حالانکہ حقیقیت یہ ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ سے مذاکرات کر رہا ہے، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی سفارشات کی روشنی میں کئے گئے اقدامات کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کو جمع کروائی ہے جس کا ایشیا پیسفک گروپ کے آج اختتام پذیر ہونے والے اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔

ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کا 22 واں اجلاس 18 سے 23 اگست تک جاری رہا جس میں 46 رکن ممالک اور 13 عالمی اداروں کے 520 مندوبین شریک ہوئے، اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایشیا پیسفک گروپ نے 6 اہم تجزیاتی رپورٹس کا جائزہ لیا جو پاکستان، چین، ہانگ کانگ، فلپائن، سولومن آئی لینڈ اور چائنیز تاپی سے متعلق تھیں۔ ان رپورٹس پر اپنی رائے اے پی جی اکتوبر میں جاری کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شامل اراکین نے دہشتگردوں کی مالی معاونت سے متعلق آپریشنل پلان کی منظوری بھی دی جس کے مطابق دہشتگردوں تک فنڈنگ کی روک تھام کے جدید طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔

ایشیا پیسفک گروپ کے جاری کردہ اعلامیے میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا ذکر تک موجود نہیں، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہےکہ ایشیا پیسفک گروپ پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، پاکستان کا درجہ بدلنے کا اختیارصرف ایف اے ٹی ایف کو حاصل ہےجس کا اجلاس رواںسال اکتوبر میں ہوگا۔