کشمیر میں بھارت کی جانب سے میڈیا کو بلیک آئوٹ کرنا قابل مذمت ہے

163

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پر حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں صحافیوں کو شہید کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے، آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانے اور اخبارات کی بندش سمیت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کر نے کیخلاف یونین کے صدر اقبال ملاح، جنرل سیکرٹری منصور مری، جوائنٹ سیکرٹری غلام فرید لاکھو اور جانی خاصخیلی کی قیادت میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بعد میں پریس کلب کی عمارت پر سیاہ جھنڈا لہرایا۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے میڈیا کو بلیک آئوٹ کرنے اور صحافت پر پابندیاں عائد کرنے کے سبب انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق ختم کرنے اور آزادی اظہار رائے پر پابندیاں لگانا عالمی و انسانی حقوق کی پامالی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی پامالی اور اظہار رائے کی بندش سمیت صحافیوں کیخلاف ہونے والی کارروائیوں کا نوٹس لے کر بھارتی حکومت پر دبائو ڈال کر کشمیر میں میڈیا پر لگائی گئی پابندیاں ختم کر اکر بنیادی انسانی حقوق بحال کرائے جائیں۔