لائن آف کنٹڑول پر شہید ہونے والے فوجیوں کو تاریخ میں یاد رکھا جائیگا،امان اللہ

154

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن (ایپکا) حیدر آباد کی جانب سے محکمہ آبپاشی کے ہیڈ آفس بیراج کالونی میں جشن آزادی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے ایپکا کے مرکزی رہنما سید امان اللہ شاہ مشوانی، رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی، سابقہ رکن قومی اسمبلی شبیر حسن انصاری، ایپکا تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری صلاح الدین اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں اسکول کے بچوں نے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ٹیبلو پیش کیے۔ نوجوانوں کے درمیان تقریری مقابلے ہوئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا کے صوبائی جنرل سیکرٹری اشرف خان بوزئی نے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا ہے اور یہ خطہ دنیا میں اسلام کے نام پر بننے والے خطوں میں منفرد اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے اچھی قیادت نہ ملنے کی وجہ سے ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کے عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیر بھی جلد آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بن کر تکمیل پاکستان کا خواب پورا ہوجائے گا۔ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بھارتی حکومت کیخلاف اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نورانی بستی کے رہائشی افراد نے حیدر آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا اور پاکستان کی حمایت میںنعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوفی عمر دراز پاکستانی نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم ناقابل برداشت ہیں۔ کشمیر کی آزادی قریب آچکی ہے، کیونکہ پوری دنیا میں اب کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بیداری کی لہر پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے پاکستان سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاک فوج کے جوانوں نے اپنے وطن کے لیے قربانیاں دی ہیں یہ تاریخ کا حصہ ہے اور تاریخ انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ کشمیر میں بھارتی مظالم برسہا برس سے جاری ہیں لیکن اب مظالم کی انتہا ہوگئی ہے اور جلد ہی کشمیر بھی پاکستان کا حصہ ہوگا۔