حیدرآباد،ڈی سی کی محرم الحرام میں حیسکو کو چوکس رہنے کی ہدایت

160

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار محرم الحرام کے حوالے سے ہنگامی پلان تیار کرتے ہوئے مون سون کی بارشوں اور فلڈ ایمرجنسی کو بھی مدنظر رکھا جائے جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز حیدرآباد ڈویژن میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے علما کرام اور مذہبی رہنمائوں سے قریبی رابطے میں رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدر آباد نعیم شیخ، ایڈیشنل کمشنر ون سید سجاد حیدر شاہ، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد سید اعجاز علی شاہ، حیدر آباد ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور قانون نافذ کرنے وا لے دیگر اداروں کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر حیدر آباد نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور قانون پر سختی سے عملدر آمد کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں جبکہ جلوسوں اور مجالس کے دوران تلاشی اور دیگر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ امن کمیٹیز کو فعال اور جو تعلقہ حساس ہیں ان پر خصوصی توجہ دی جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ انٹلیجنس نیٹ ورک کو بڑھایا جائے۔ ڈویژنل کمشنر حیدر آباد کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس کے ادارے کو متحرک کیا جائے جبکہ اسکائوٹس اور رضاکاروں کو بھی الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے واسا حیدر آباد، میونسپل کارپوریشن اور لوکل گورنمنٹ کے اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات اور گزرگاہوں، امام بارگاہوں کی صفائی ستھرائی اور مناسب روشنی کا بھی انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نالوں کی صفائی کروائی جائے۔ انہوں نے حیسکو حکام کو ہدایت کی کہ مجالس اور خاص کر رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے گریز کریں جبکہ جہاں مرمت کی ضرورت ہو وہاں جلد از جلد اسے پورا کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو ایکسٹرا ٹرانسفارمرز لے کر اپنے پاس رکھے تاکہ ایمرجنسی میں اگر کہیں کا ٹرانسفارمر خراب ہو جائے تو اس کے بیک اپ کے طور پر حیسکو کے پاس ٹرانسفارمرز موجود ہوں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت بھی دیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدر آباد نعیم شیخ نے مجموعی طور پر حیدر آباد ڈویژن اور ایس ایس پیزنے اپنے متعلقہ اضلاع سے متعلق سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی جبکہ حیدر آباد ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے متعلقہ اضلاع کے ہنگامی پلان اور مسائل سے آگاہ کیا۔