مودی سری نگر میں گھس کر دکھائے اپنی اوقات جان جائے گا،بلاول زرداری

453
اسکردو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں
اسکردو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں

اسکردو (آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ گجرات میں مسلمانوں کا قاتل مودی اب کشمیریوں کا قتل کررہا ہے، تاریخ مودی کو صرف قاتل کے طور پر یاد رکھے گی، مودی باقی چھوڑے صرف سری نگر میں گھس کردکھائے اپنی اوقات جان جائے گا۔اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ گجرات کے قصائی مودی نے اگر کشمیریوں کو حقوق دیے ہیں تو وہ وہاں کرفیو کو اٹھا کر جلسہ کرے اور ریفرنڈم کرا کر دیکھ لے کہ اس کی کیا حیثیت ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ مودی نے پورے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے۔ فوج کے بوٹوں کی دھمک سے آزادی کے جذبے کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ٹینک کے زور پر لوگوں کے دلوں پر حکومت نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ مودی تم لیڈر نہیں قاتل ہو، تم نے پہلے گجرات کے مسلمانوں کو قتل کیا، اب کشمیریوں کے قاتل ہو، تمہیں تاریخ صرف قاتل اور قاتل کے نام سے یاد رکھے گی۔چیئرمیں پیپلز پارٹی نے حکومت پر کشمیر کا کیس لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈالنے اور ناکام خارجہ پالیسی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں سودے بازی قبول نہیں کرنے دیں گے۔ ’سلیکٹو‘ وزیراعظم میں صلاحیت نہ اہلیت، ہم سب نے کشمیریوں کی آواز بننا ہے۔ آج کشمیر کے مظلوم عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہر محب وطن پاکستانی پریشان ہے کہ کہیں کشمیر پر سودے بازی تو نہیں ہوگئی؟۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے پیغام دیتا ہوں کہ بھٹو کا نواسا موجود ہے، اگر کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو تمہارا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی، ’سلیکٹو‘ حکمرانوں ہوش کے ناخن لو۔ بلاول بھٹو نے حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ کے لوگ اس وقت سے ڈریں جب ظلم کا حساب لیا جائے گا۔ بغیر ثبوت کے سب کو جیل میں ڈال دیا ہے۔ کیا اس سے ملک سے کرپشن ختم ہو گئی ہے؟ وزیراعظم نے ایک وعدہ پورا نہیں کیا، ناکامیوں کی قیمت ملک ادا کر رہا ہے۔
بلاول