اسلام آباد نہیں جانا چاہتے ،حکومتی کارروائیاں جاری ہیں تو فیصلہ کرینگے،فضل الرحمن

326

لاہور (آن لائن) جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن جمعرات کے روز ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں
انہوں نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی عیادت کی۔ سمن آباد میں مقیم پارٹی رہنما سے ملاقات کی اور لاہور کے ایک مقامی نجی ہسپتال میں اپنا طبی معائنہ کروایا۔ اپنے دورہ لاہور کے موقع پر مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مسئلہ کشمیر کشمیریوں کے ہاتھ میں ہے وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم مقبوضہ کشمیر کا دارالحکومت سری نگر بچانے کے لیے سوچتے تھے مگر اب ہم آزاد کشمیر کو بچانے کے لیے سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر زبانی جمع خرچ سے کچھ نہیں ہو گا۔ ہمیں مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں کی آزادی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے۔ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر اب تک صرف تشہیری اقدامات اٹھائے ہیں۔ مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں حکومت کے خلاف متفقہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد نہیں جانا چاہتے لیکن اگر ملک کی سیاسی قیادت کے خلاف حکومت کی کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں تو ہم پھر کوئی بھی فیصلہ کرنے پر حق بجانب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ملک کی سیاسی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان